اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کا اعلامیہ جاری

0
420

سکریٹری تلنگانہ مائناریٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (ٹیمرس) بی شفیع اللہ نے آج 19مارچ کو ریاست کے 204اقلیتی اقامتی اسکولوں میں جماعت پنجم میں نئے داخلوں اور جماعت ششم‘ ہفتم‘ ہشتم اور نہم کلاسوں میں باقی ماندہ نشستوں پر داخلوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ ان جماعتوں میں داخلے 20اپریل 2018تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے طلبہ اور والدین کو اپنے بچوں کے داخلوں کے فارم آن لائن داخل کرنا ہوگا۔ بی شفیع اللہ نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے طلباء اور والدین کو چاہیئے کہ وہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے وقت امیدوار کے پاسپورٹ سائز فوٹوز اور آدھار کارڈ کی نقل ساتھ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن درخواستیں TMREISکے سرکاری ویب سائٹ (tmreis.telangana.gov.in) پر داخل کرنا ہوگا۔ ہیلپ لائنس سنٹر 040-23437909سے مدد لی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن درخواستیں 19مارچ سے داخل کی جاسکتی ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20اپریل مقرر کی گئی ہے۔ 28اپریل کو قرعہ کے ذریعہ طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسنادات کی جانچ 30اپریل تا 5مئی کے دوران کی جائے گی۔ جماعتوں کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے بجٹ میں حکومت نے TMREISکے اقلیتی اقامتی اسکولوں کیلئے 425کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ سال 2018-19کے بجٹ میں 735کروڑ روپئے مختص کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک کے کسی بھی ریاست کے چیف منسٹر نے اقلیتوں کیلئے 204اقامتی اسکولس قائم نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت پنجم میں 12000نشستوں پر داخلے دئیے جائیں گے۔ جماعت ششم مخلوعہ ا جماعت نہم میں 4000نشستوں پر داخلے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی اقامتی مدارس میں جملہ 48ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں 24ہزار لڑکیاں اور 24ہزار لڑکے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقامتی اسکولس ذریعہ تعلیم انگلش رہے گا۔ اقلیتی بچوں کو اردو دوسری زبان پڑھنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر جوائنٹ سکریٹری ٹیمرس لیاقت حسین‘ ایڈیشنل سکریٹری دلاور علی‘ ہیڈ اکیڈیمک‘ ایم اے لطیف موجود تھے۔