اکھلیش یادو میرے سیاسی دشمن ، موقع ملا تو چھوڑوں گا نہیں : امر سنگھ

0
256

نئی دہلی : دو بار دودھ کا جلا ہوں ، اس لئے سماجوادی پارٹی سے میرا اب دور دور تک بھی کوئی تعلق نہیں رہے گا، جہاں تک اکھلیش یادو کی بات ہے تو وہ میرے سیاسی دشمن ہیں ، موقع ملے گا تو انہیں چھوڑوں گا نہیں ۔ یہ کہنا ہے راجیہ سبھا کے رکن اور سماجوادی پارٹی کے سابق جنرل سکریٹری امر سنگھ کا ۔ ایک خاص انٹرویو میں انہیں یہ باتیں کہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا امر سنگھ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کیلئے پھر ایس پی کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ، تو جواب میں اپنے درد دل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا تو اب سوال ہی نہیں اٹھتا ، جب میری تصویروں پر پیشاب کیا گیا ، مجھے گالی دی گئی ، مجھے باہری بھی کہا گیا تو اب گنجائش ہی کہاں بچ جاتی ہے، جب بات گھر کے اندر رہتی ہے تو ٹھیک ہے ، لیکن باہر آنے پر کوئی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی۔
امرسنگھ کی ناراضگی اکھلیش یادو سے ہے یا رام گوپال یادو سے ، اس سلسلہ میں ان کا کہنا ہے کہ میری ناراضگی ملائم سنگھ یادو سے ہے ، کیونکہ مجھے اور شیوپال سنگھ یادو کو ملائم پر اعتماد تھا ، ہم دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، لیکن آخر کار بیٹے کی محبت میں سب کو نمٹانے والے ملائم خود بیٹے سے ہی نمٹ گئے ۔
انہوں نے کہا کہ شیوپال سے میرے تعلقات کل تھے ، آج ہیں اور آنے والے کل میں بھی رہیں گے، لیکن ملائم سنگھ سے میں اب بات نہیں کرتا ہوں ، کیونکہ انہوں نے خود مجھ سے کہا تھا کہ امر سنگھ ہمارے بیٹے اکھلیش ، رام گوپال یادو اور اعظم خان کو تم سے پریشانی ہے ، اس لئے تم ہم سے مت ملا کرو ، تو سچ مانئے اس دن کا دن ہے اور آج کا ، میں کبھی نہ تو ملائم سنگھ سے ملا اور نہ ہی ان سے بات کی۔