راجستھان میں ہجوم کے ہاتھوں ایک اور مسلم نوجوان کا قتل

0
289

کانپور کے باشندہ محمد فیصل صدیقی کو بچہ چوری کرنے او رچھیڑ خانی کے شبہ میں وحشیانہ انداز میں موت کے گھا ٹ اتاردیا ۔ بچی کے والد نے الزامات کی تردید کی


جئے پور۔ راجستھان کے جے پور میں وشوکرما انڈسٹریل ایریا میں کام کرنے والے ایک مزدور کو بچہ چوری کرنے او رایک چھوٹی بچی کے ساتھ چھیڑ خانی کا شبہ میں بھیڑ نے وحشیانہ انداز میں پاٹی کی جس سے پچیس سالہ شخص کی بدھ کے روز موت ہوگئی۔ متوفی محمد فیصل صدیقی بنیادی طور پر اترپردیش کے کانپور کا رہنے والا تھا ۔

خبررساں ایجنسی ای این ایس کے مطابق بچی کے والد اسلم انصاری نے متوفی محمد فیصل صدیقی پر عائد الزاٹات کی تردید کی ہے۔

بچی کے والد نے کہاکہ وہ اکثر میری بچی کے ساتھ رہتا تھا ہم نے کبھی اسکی جانب سے کسی ناخوشگوار رویہ کو نہیں دیکھا‘ اگر کچھ بھی غلط ہوتا تو میری بچی مجھے بتاچکی ہوتی۔ یہ کہناغلط ہوگا کہ اس کے ارادہ میری بچی سے چھیڑ خانی کرنے کا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں دو لوگ گرفتار کئے گئے ہیں۔ گذشتہ فبروری3کو ہونے والے اس واقعہ کے بعد بدھ کوصدیقی کا چھوٹا بھائی سیف کانپور سے جے پور پہنچا‘ اس نے الزام لگایاکہ جئے پور کے سوامی مان سنگھ اسپتال کے ڈاکٹروں نے منگل کو اس کے بھائی کی نازک حالت میں ہی اسے ڈسچارج کردیاتھا۔ اسپتال نے اس کے الزامات کو مسترد کردیاہے۔

وشوکرما پولیس تھانے کے سب انسپکٹر مکٹ بہاری نے بتایا کہ دفعہ 308کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ ہم نے دوافراد کو اس معاملہ میں گرفتار کیا ہے ۔ نشانت مودی او رمہندر ۔ مہیندر کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ رہا ہے ۔

پولیس نے بتایا کہ ایک خاتون کی جانب سے صدیقی کے خلاف دفعہ 354میں رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ صدیقی کے خلاف درج کرائی گئی ایف ائی آر میں بتایاگیا ہے کہ 3فبروری کی صبح جو چھوٹی بچی کے اس کے ساتھ تھی وہ اس سے چھیڑ چھاڑ کررہاتھا۔ چومو کے اسٹنٹ پولیس کمشنر دنیش شرما نے خاتون کی طرف سے ایف ائی آر درج کرانے کی تصدیق کی۔