مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے پیر کے دن وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے درگاہ اجمیر میں چادر چڑھائی۔ باخبر ذرائع کے بموجب مودی نے کل یہ چادر نقوی کے حوالہ کی تھی۔ چادر کو دیکھنے درگاہ کے احاطہ میں ہجوم اکٹھا ہوگیا تھا۔ نقوی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ دہشت گردی‘ اسلام اور پوری انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ‘ سماجی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مثال ہے۔ ہمیں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کے اس تانہ بانہ کو مستحکم کرنا ہوگا۔ نقوی نے درگاہ کے قریب وشرام استھلی میں 100 ٹائلٹس کے ایک کامپلکس کا افتتاح بھی کیا جسے وزارت ِ اقلیتی امور نے تعمیر کرایا ہے۔ اجمیر میں عرس کے لئے ہزاروں زائرین پہنچ چکے ہیں۔ درگاہ اجمیر کو ہندو بھی اتنا ہی مانتے ہیں جتنا کہ مسلمان۔ درگاہ اجمیر کے سمیر چشتی نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ 12 ایل سی ڈی اسکرین درگاہ کے اندر اور اطراف لگائے گئے ہیں جن پر مودی کا ویڈیو پیام دکھایا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے بموجب وزیراعظم نے آج اپنے پیام میں کہا کہ امن‘ اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ملک کے مختلف فلسفوں کی اصل ہیں۔ انہوں نے حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 806 ویں عرس کے موقع پر اپنے پیام میں کہا کہ جب ہم ہندوستان میں صوفی سنتوں کی بات کرتے ہیں تو حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ عظیم روحانی روایتوں کی علامت دکھائی دیتے ہیں۔ غریب نواز نے انسانیت کی جو خدمت کی ہے وہ مستقبل کی نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی۔