کوہلی دوسرے مقام پر برقرار۔مارکرام پہلی مرتبہ ٹاپ 10 میں

0
494

ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی ٹسٹ کرکٹ کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر واپس ہوگئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے سلامی بلے باز ایڈین مارکرام پہلی مرتبہ ٹاپ 10 بیاٹسمنوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں جس کی قیادت آسٹریلیا کے معطل کرکٹر اسٹیو اسمتھ کررہے ہیں۔ آئی سی سی نے آج ٹسٹ کرکٹ کی تازہ ترین درجہ بندی کا اعلان کیا جس کے مطابق افریقی بلے باز ایڈین مارکرام کو آسٹریلیا کے خلاف حالیہ اختتام پذیر 4 میاچس کی سیریز میں شاندار بلے بازی کے باعث نواں مقام حاصل ہوا۔ مارکرام نے چوتھے اور آخری ٹسٹ میں 152 اور 37 ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلتے ہوئے میاچ اور سیریز کی کامیابی میںاہم رول ادا کیاتھا۔ مارکرام ان 10 کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے جنہوں نے اپنے کیریر کے پہلے 10 ٹسٹ میاچس میں ایک ہزار یا اس سے زائد رن بنائے ہیں۔ اس فہرست میں ڈان براڈمین بھی شامل ہیں۔ افریقہ کے کپتان ڈوپلسی 5 مقامات کے فائدہ کے بعد 17 جبکہ ٹمبا باووما 12 مقامات کی چھلانگ لگاکر 39 ویں مقام پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیا کے نومنتخب کپتان ٹم پین 8 مقامات کے فائدے کے بعد 53 ویں رینک پر پہنچ گئے جبکہ انگلش کپتان جوئے روٹ ایک مقام کے فائدہ کے باعث تیسرے نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جانی بیرسٹو 3 مقامات کے فائدہ کے بعد 13 جبکہ مارک اسٹونمین 14 درجہ ترقی پاکر 64 ویں رینک پر پہنچ گئے۔ بولنگ کے شعبہ میں جنوبی افریقہ کے ورنان فیلنڈر 6 مقامات کے فائدہ کے بعد تیسرے مقام پر آگئے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف پلیر آف دی سیریز کا اعزازپانے والے کاگیسو ربادا 3 پوائنٹس لیکر 902 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر پہنچ گئے۔ ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلین والے افریقہ کے فاسٹ بولر مورنی مورکل نے بھی ترقی پائی۔ ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو پیچھے کرتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کرلیا جبکہ آسٹریلیا چوتھے مقام پر پہنچ گیا۔ ہندوستانی ٹیم پہلے مقام پر برقرار ہے جبکہ جنوبی افریقہ کو فہرست میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔