رشہرا (مغربی بنگال)-یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ لیفٹ فرنٹ اور ترنمول کانگریس مغربی بنگال کے عوام کی توقعات پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ صرف کانگریس ہی ریاست کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے ضلع ہگلی میں جوٹ مل ورکرس کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے ریاست میں سی پی ایم کی زیرقیادت بائیں بازو کے 34 سالہ دور حکومت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ لیفٹ فرنٹ نے مغربی بنگال میں ترقی کی راہوں کو مسدود کردیا۔ جس کے بعد عوام کو یہ خوش فہمی ہوگئی تھی کہ ترنمول کانگریس ریاست کو آگے بڑھائے گی لیکن سال 2011 ء میں اقتدار میں آنے کے بعد اس نے بھی ترقی کے پہیے جام کردیئے جس کے باعث ترقیاتی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہوگئیں۔ مسٹر راہول گاندھی دریائے گنگا کے کنارے واقع ولنگٹس جوٹ مل کے ورکرس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے ورکرس کو تیقن دیا کہ ان کے مسائل پارلیمنٹ میں اُٹھائے جائیں گے۔ ریاست میں کانگریس کو اقتدار میں لانے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ صرف کانگریس ہی تعطل کو توڑ کر بنگال کو ترقی کی سمت گامزن کرسکتی ہے۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال میں کانگریس 1977 ء میں اقتدار سے بیدخل ہوگئی تھی جہاں پر لیفٹ فرنٹ کے بعد اب ترنمول کانگریس برسر اقتدار ہے اور حالیہ منعقدہ بلدی انتخابات میں ووٹوں کے تناسب سے کانگریس کو ترنمول کانگریس، لیفٹ فرنٹ اور بی جے پی کے بعد چوتھا مقام حاصل ہوا تھا۔ ورکرس کے ساتھ راہول گاندھی کی دوبدو ملاقات کی تفصیلات سے ریاستی صدر آئی این ٹی یو سی مسٹر رمن پانڈے نے میڈیا کو واقف کروایا اور بتایا کہ راہول گاندھی نے جوٹ مل بند ہوجانے کے باعث ورکرس کو درپیش مسائل بالخصوص تنخواہوں، وظائف، بونس اور دیگر فوائد کی سماعت کی اور پارلیمنٹ میں یہ مسائل اٹھانے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر شمالی بنگال میں چائے کے باغات کے مزدوروں کے مسائل پر ایک میمورنڈم کانگریس ایم پی کو پیش کیا گیا |