نئی دہلی :کنٹرول لائن کے پار ہندستانی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے دس روز بعد آر ایس ایس کے ہفت روزہ اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ اس سرجیکل حملے میں دہشت گردون کے پانچ لانچ پیڈس کے ساتھ دو متصل پاکستانی فوجی چوکیاں بھی اڑادی گئی تھیں جہاں موجود سبھی مارے گئے تھے ۔
اُڑی میں دہشت گردانہ حملے کے انتقام میں 29 ستمبر کو پچھلے پہر کے اس چھاپہ مار حملے کی اب تک کی انتہائی گرافک تفصیل میں حکمراں بی جے پی کے نظریاتی رسالے آرگنائزر نے اپنے تازہ شمارے میں انکشاف کیا ہے کہ حملے کے اہداف 19 ڈیویزن (اڑی میں)، 28 ڈیویزن (کپواڑہ میں) اور 25 ڈیویزن (راجوری میں) کے دائرہ کار کے تحت علاقوں میں تھے ۔ اسٹرائک ٹیم نے 28 ستمبر کو دوپہر کے وقت اڑی کی 19 ڈویژن، کپواڑہ کی 28 ڈویژن اور راجوری کی 25 ڈویژن کے دائرہ اختیار کے تحت علاقوں میں تین سمتوں میں پیش رفت کی ۔ یہ اطلاع قومی سلامتی کے تجزیہ کار اور وزیر دفاع منوہر پاریکر کے قریبی سمجھے جانے والے نتین اے گوکھلے نے دی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق ایچ آور (فوج کی زبان میں جس کا مطلب حملہ کرنے کا وقت ہوتا ہے ) کے کچھ گھنٹوں قبل کپواڑہ ٹیم نے ہلکے اسلحہ اور مورٹار سے آپریشن کے اپنے علاقوں سے دوسری طرف کے اپنے نشانوں پر حملہ کیا، جو توجہ دوسری طرف مبذول کرانے والی تدابیر تھیں۔